ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آکسیجن پر نظر رکھیں،حالات بدل رہے ہیں، مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویاکی ریاستوں کو ہدایت

آکسیجن پر نظر رکھیں،حالات بدل رہے ہیں، مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویاکی ریاستوں کو ہدایت

Tue, 11 Jan 2022 11:21:33    S.O. News Service

نئی دہلی،11؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی)مرکزی وزیر صحت من سکھ مانڈویہ نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کو مشورہ دیا کہ وہ طبی آکسیجن کے حوالے سے بنیادی ڈھانچے کی نگرانی کریں۔

وزیر صحت کا یہ مشورہ ایسے وقت میں آیا ہے جب ملک میں اومیکرون ویری ینٹ کی وجہ سے کووڈانفیکشن کے معاملات میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ پانچ ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام خطے کے ساتھ ایک کووڈجائزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مانڈویہ نے اپنے ہم منصبوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر قسم کے آکسیجن انفراسٹرکچر کی جانچ اس طرح کی جائے کہ یہ چلنے کی حالت میں ہو۔

مانڈویہ نے کہاکہ چونکہ ہم وبائی امراض کے اس اضافے سے لڑ رہے ہیں، ہماری طرف سے تیاریوں میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ مرکز اور ریاستوں کے درمیان مجموعی طور پر ہم آہنگی بغیر کسی رکاوٹ اور مؤثر وبائی امراض کے انتظام کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے ریاستوں کو مشورہ دیا کہ وہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے باقاعدگی سے جائزہ لیں، ہر ضلع میں ٹیلی کنسل ٹیشن ہب قائم کریں اور دستیاب بنیادی ڈھانچے اور صحت کی خدمات کے بارے میں وسیع تر بیداری پر توجہ دیں۔

اے این آئی کے مطابق گجرات، راجستھان، مدھیہ پردیش، گوا، مہاراشٹر اور مرکز کے زیر انتظام خطہ دادر اور نگر حویلی اور دمن اور دیو کے وزرائے صحت کے ساتھ میٹنگ سہ پہر 3:30 بجے ہوئی۔


Share: